لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم

0
10
لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم

لاہور: لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 کے افسران کو فراہم کی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد متعلقہ افسران کو پہلی بار عام صارفین کی طرح بجلی کے بل ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقریباً تین دہائیوں بعد ان افسران کو بجلی کے بل موصول ہونا شروع ہوئے ہیں۔ ماضی میں گریڈ 18 کے افسران کو سالانہ 6 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کو 8 ہزار اور گریڈ 20 کے افسران کو 10 ہزار مفت بجلی یونٹس کی سہولت حاصل تھی، جو اب ختم کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کے خاتمے کے بعد بعض افسران کو بھاری مالیت کے بجلی کے بل موصول ہوئے ہیں۔ ایک افسر کے مطابق انہیں اپنے گھر کے لیے 72 ہزار روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا، جس سے عام صارفین پر بجلی کے اخراجات کا اندازہ ہوا۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بعض دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں مفت بجلی کی سہولت عدالتی احکامات کے بعد بحال ہو چکی ہے۔ لیسکو کے افسران کا مؤقف ہے کہ اگر اس حوالے سے کوئی پالیسی اختیار کی جائے تو وہ ملک بھر کی تمام بجلی کمپنیوں اور متعلقہ اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہونی چاہیے۔

افسران کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی مراعات سے متعلق فیصلے شفاف اور یکساں پالیسی کے تحت کیے جانے چاہییں تاکہ تمام اداروں میں مساوی اصول اپنائے جا سکیں۔

Leave a reply