
اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی مختلف موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس کے نئے نرخ نافذ کر دیے ہیں، جن کا اطلاق آج سے تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔
این ایچ اے کے مطابق نظرثانی شدہ نرخ ایم-1، ایم-3، ایم-4، ایم-5، ایم-14، ای-35 (ہزارہ ایکسپریس وے)، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد-مری ڈوئل کیرج وے سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر لاگو کیے گئے ہیں۔
نئے نرخوں کے تحت قومی شاہراہوں پر کار کا ٹول 100 روپے، ویگن کا 200 روپے اور بس کا 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایم-3 (لاہور تا عبدالحکیم) پر کار کے لیے 1000 روپے، ویگن کے لیے 1500 روپے، منی بس کے لیے 2200 روپے اور بس کے لیے 3150 روپے ٹول مقرر کیا گیا ہے۔
ایم-4 (پنڈی بھٹیاں تا ملتان) پر کار کا ٹول 1350 روپے، ویگن کا 1950 روپے، منی بس کا 2900 روپے جبکہ بس کا 4050 روپے ہوگا۔
ایم-5 (ملتان تا سکھر) پر کار کے لیے 1500 روپے، ویگن کے لیے 2200 روپے، منی بس کے لیے 3250 روپے اور بس کے لیے 4600 روپے ٹول فیس مقرر کی گئی ہے۔
این ایچ اے کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں اور نئی فیس وصول کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2025 میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت یکم اپریل 2025 سے ٹول ٹیکس کے نرخوں میں ردوبدل کیا گیا تھا۔ تازہ فیصلے کے بعد مختلف موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافے سے نجی گاڑیوں کے مالکان، پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور مال بردار شعبے کے اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بالواسطہ اثرات سفری اور تجارتی لاگت پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔









