شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ سمندر میں لاپتا، پانچ رکنی عملہ تاحال غائب

0
37
شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ سمندر میں لاپتا، پانچ رکنی عملہ تاحال غائب

شارجہ سے کراچی آنے والا ایک پاکستانی کارگو طیارہ دوران پرواز کراچی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد طیارے میں سوار پانچوں افراد لاپتا ہیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق کے ٹو ائیرویز کا بوئنگ 737 کارگو طیارہ شارجہ سے سامان لے کر کراچی آ رہا تھا کہ رات کے وقت اس کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے عملے نے پرواز کے دوران نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس کے بعد کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو رہنمائی فراہم کی۔ تاہم چند منٹ بعد طیارہ ریڈار پر تیزی سے بلندی کھوتا ہوا نظر آیا اور اس کی سمت میں بھی اچانک تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔

بعد ازاں کراچی سے دور سمندر کے علاقے میں طیارے کا ریڈار اور رابطہ مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ واقعے کے بعد امدادی اداروں نے سمندر میں تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کے تمام پانچ ارکان پاکستانی شہری تھے۔ لاپتا افراد میں کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل جتوئی، فلائٹ انجینئرز محمد حامد اور محمد عارف صدیقی جب کہ لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق طیارے کی تلاش اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Leave a reply