امپائر کے فیصلے پر احتجاج، شاداب خان پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ

0
2
امپائر کے فیصلے پر احتجاج، شاداب خان پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ

پاکستانی کرکٹر شاداب خان کو ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔

یہ واقعہ یو اے ای بلز اور عربین ایسز کے درمیان کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 15ویں میچ میں پیش آیا۔ دورانِ کھیل شاداب خان ایک باؤنسر کو وائیڈ قرار نہ دیے جانے پر امپائر کے فیصلے سےناخوش نظر آئےتھے۔

فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شاداب نے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا، جسے امپائر کے فیصلے سے اختلاف ظاہر کرنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق شاداب خان پر ضابطہ اخلاق کے لیول ون کے آرٹیکل 2.8 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ یہ شق میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔

پاکستانی آل راؤنڈر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ قبول کرلیا۔

دوسری جانب میچ میں شاداب خان نے 14 گیندوں پر 22 رنز اسکور کیے، تاہم ان کی ٹیم یو اے ای بلز کو عربین ایسز کے ہاتھوں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایونٹ کی دفاعی چیمپئن یو اے ای بلز پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

Leave a reply