
کراچی: ورلڈ بینک نے سندھ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق اس مالی معاونت سے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت سے متعلق منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے، جس سے مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی۔
اعلامیے کے مطابق ان منصوبوں سے سندھ کے تقریباً 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ صاف پانی اور بہتر صفائی کی سہولیات بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما سے متعلق مسائل، خصوصاً قد کی کمی، پر قابو پانے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
ورلڈ بینک کی اس مالی معاونت کا مقصد سندھ کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانا اور عوام کی صحت و زندگی کے معیار میں بہتری لانا ہے۔









