
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جے شاہ کو بلا مقابلہ دوسری مرتبہ چیئرمین منتخب کرلیا۔ ان کی دوبارہ تقرری کی منظوری انڈونیشیا کے شہر بالی میں منعقدہ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس کے دوران بورڈ ڈائریکٹرز نے جے شاہ کے نام کی حمایت کی، جس کے بعد وہ مزید ایک مدت کے لیے عالمی کرکٹ کے انتظامی امور کی سربراہی جاری رکھیں گے۔
جے شاہ کی دوسری مدت کا آغاز ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آئی سی سی دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ، نئے شائقین کو کھیل کی جانب راغب کرنے اور اس کے تجارتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
کرکٹ کے لیے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شمولیت بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ طویل عرصے بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی سے کھیل کو عالمی سطح پر مزید وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں کے دائرے کو وسیع کرنے پر بھی کام جاری ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ ممالک کو عالمی کرکٹ میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر خواتین کی کرکٹ کے فروغ، ایسوسی ایٹ رکن ممالک کی حوصلہ افزائی، بین الاقوامی مقابلوں میں شفافیت اور کرکٹ کے تجارتی مستقبل کو مستحکم بنانے کے اہداف پر بھی توجہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔









