
استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تاریخی دوستی پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی یہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف پر بھی پیش رفت پر اتفاق کیا ہے، جبکہ کراچی میں مجوزہ خصوصی صنعتی زون اور دیگر اقتصادی منصوبوں پر متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک حکومت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر گہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں اور اس دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں، جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی، کان کنی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دیں گے۔
اس سے قبل استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے مختلف کاروباری گروپس کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری، تجارتی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینیکے امکانات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔









