
ایپل رواں ماہ اپنی نئی آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، تاہم اس مرتبہ صارفین کو کمپنی کی جانب سے ایک مختلف حکمت عملی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل 9 ستمبر کو ہونے والے خصوصی ایونٹ میں آئی فون 18 کا اسٹینڈرڈ ماڈل پیش نہیں کرے گا۔ اس فون کی لانچنگ 2027 کے موسم بہار تک مؤخر کیے جانے کا امکان ہے۔
اس صورتحال میں ستمبر کے ایونٹ کے دوران پیش کیا جانے والا سب سے کم قیمت نیا آئی فون ممکنہ طور پر آئی فون 18 پرو ہوگا، جس کی ابتدائی قیمت تقریباً 1099 ڈالر ہو سکتی ہے۔
تاہم قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ عالمی سطح پر میموری چپس اور دیگر اہم پرزوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کی قیمتوں میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
اگر یہ اضافہ نافذ کیا گیا تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت تقریباً 1299 ڈالر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایپل کی جانب سے اس سال پہلی مرتبہ فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرانے کی توقع ہے۔ اس ڈیوائس کی قیمت 2000 ڈالر سے زیادہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث نئی آئی فون سیریز کمپنی کی مہنگی ترین فلیگ شپ لائن اپ میں شامل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب کم بجٹ رکھنے والے صارفین کے لیے موجودہ ماڈلز بدستور نسبتاً سستا انتخاب رہیں گے۔ آئی فون 17 کی قیمت 829 ڈالر جبکہ آئی فون 17e کی قیمت 599 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایپل نے اپنے معیاری آئی فون ماڈلز کی ابتدائی قیمتوں میں زیادہ نمایاں تبدیلی نہیں کی، تاہم گزشتہ سال آئی فون 17 پرو کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 1099 ڈالر سے متعارف کرایا گیا تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون ایئر کا اگلا ماڈل بھی 2027 میں آئی فون 18 کے اسٹینڈرڈ ورژن کے ساتھ سامنے آ سکتا ہے۔ یوں ایپل کی جانب سے آئی فونز کی لانچنگ اور قیمتوں کے حوالے سے روایتی حکمت عملی میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔









