
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے، جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔ استنبول پہنچنے پر ترک وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترک وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم استنبول میں ایک بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جہاں پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی، نجکاری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں ترکیہ کے کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور اعلیٰ سرکاری حکام شرکت کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔








