
لاہور: پنجاب حکومت نے جیلوں میں اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے قیدیوں کی منتقلی اور فلاح سے متعلق متعدد اقدامات کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں جیل اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ زیرِ تعمیر ننکانہ صاحب جیل کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں قیدیوں کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی 30 جیل وینز کو ائیر کنڈیشنڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ جیلوں میں موجود خواتین قیدیوں کے ساتھ رہنے والے چھ سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے خصوصی غذائی سپلیمنٹس اور بہتر غذائیت کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
جیلوں میں گنجائش کے مسئلے کو کم کرنے کے لیے 27 نئی بیرکوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مالی وسائل سے محروم اور مستحق قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک باقاعدہ اور منظم لیگل ایڈ ایجنسی قائم کی جائے تاکہ انہیں اپنے مقدمات کی مؤثر پیروی میں سہولت مل سکے۔









