یوٹیوب شارٹس میں تصاویر سے اسٹوری بنانے کا نیا فیچر، متعدد تبدیلیاں متعارف

0
13
یوٹیوب شارٹس میں تصاویر سے اسٹوری بنانے کا نیا فیچر، متعدد تبدیلیاں متعارف

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے شارٹس فیچر کو مزید جدید بنانے کے لیے کئی نئے آپشنز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد صارفین کے لیے تصاویر پر مبنی مواد تخلیق کرنا آسان بنانا ہے۔
نئے فیچرز کے تحت صارفین اب 10 تصاویر تک پر مشتمل سلائیڈ شو طرز کی شارٹس پوسٹ تیار کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ تصاویر پر اپنی پسند کا متن شامل کرنے اور 15 سیکنڈ تک بیک گراؤنڈ میوزک لگانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
کمپنی کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو بغیر مکمل ویڈیو ایڈیٹنگ کے صرف تصاویر کی مدد سے دلچسپ اور مؤثر شارٹس تیار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے ناظرین سے بہتر انداز میں رابطہ قائم رکھ سکیں۔
یہ نیا امیج پوسٹ فیچر انداز کے لحاظ سے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کی تصویری اسٹوریز سے مماثلت رکھتا ہے، جہاں اس نوعیت کا مواد پہلے ہی کافی مقبول ہے۔
یوٹیوب نے حال ہی میں شارٹس کے انٹرفیس میں بھی متعدد تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔ ان میں “کلیئر اسکرین موڈ” شامل ہے، جس کے ذریعے ویڈیو دیکھتے وقت اسکرین پر موجود اضافی آئیکونز اور تحریر عارضی طور پر غائب ہو جائیں گے، جس سے دیکھنے کا تجربہ بہتر ہوگا۔
مزید برآں، صارفین اب شارٹس ویڈیوز کو دوگنی رفتار (2x) پر بھی چلا سکیں گے، تاکہ مختصر ویڈیوز کو مزید تیزی سے دیکھا جا سکے۔
کمپنی لائیک بٹن کی ظاہری شکل میں بھی تبدیلی کر رہی ہے، جہاں روایتی تھمز اپ آئیکون کی جگہ ہارٹ آئیکون استعمال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ڈس لائیک بٹن کو ہٹا کر “Not Interested” اور “Don’t Recommend This Channel” جیسے نئے اختیارات فراہم کیے جائیں گے، جن کی مدد سے صارفین اپنی فیڈ کو بہتر انداز میں کنٹرول کر سکیں گے۔

Leave a reply