
بالی وڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے کہا ہے کہ وہ اداکار اکشے کمار کے ساتھ تقریباً 22 سال بعد ایک نئی فلم میں دوبارہ نظر آئیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار فلم “ویلکم ٹو دی جنگل” میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ اس سے قبل یہ جوڑی آخری بار 2004 میں فلم “پولیس فورس: این انسائیڈ اسٹوری” میں دیکھی گئی تھی۔
روینہ ٹنڈن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اکشے کمار، سنیل شیٹی اور ہدایتکار احمد خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ان کے لیے خوشگوار تجربہ رہا۔ ان کے مطابق یہ سب پرانے ساتھی ہیں جو ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں سینئر اداکارہ فریدہ بھی شامل ہیں، جو ماضی میں ان کی کئی فلموں میں والدہ کا کردار ادا کر چکی ہیں، جن میں فلم “زِدی” بھی شامل ہے۔
اکشے کمار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے روینہ ٹنڈن نے کہا کہ وہ ابتدا سے ہی باصلاحیت اداکار رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ان کی اداکاری میں مزید نکھار آیا ہے۔ ان کے مطابق اکشے اپنے کام کے لیے مکمل محنت اور لگن سے کام کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار کی جوڑی ماضی میں متعدد کامیاب فلموں میں نظر آ چکی ہے، جن میں “موہرا”، “میں کھلاڑی تو اناڑی”، “کھلاڑیوں کا کھلاڑی”، “بارود” اور “قیمت” شامل ہیں۔








