حوثی حملے میں پاکستانیوں کا جانی نقصان، 2 میتیں اور 6 زخمی وطن روانہ

بحیرۂ احمر میں تجارتی بحری جہاز پر حوثی حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانی شہریوں کی میتیں اور زخمی ہونے والے چھ پاکستانی وطن روانہ کر دیے گئے۔
جاں بحق شہریوں عمیر افضل اور محمد اکرم کی میتیں پہلے یمن سے سعودی عرب منتقل کی گئیں، جہاں سے سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے انہیں جدہ سے کراچی روانہ کیا گیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ، امتیاز علی، محمد عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے جدہ سے اسلام آباد اور کراچی بھیجا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر پاکستانی قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر حکام نے میتوں اور زخمی شہریوں کو وطن روانہ کرنے کے انتظامات کی نگرانی کی۔ قونصل جنرل نے زخمی پاکستانیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
پاکستانی سفارتی حکام نے متاثرہ شہریوں کی وطن واپسی کے عمل میں معاونت فراہم کی۔









