پاکپتن عرس میں افسوسناک واقعہ، زائرین کی بھگدڑ میں درجنوں زخمی

0
20
پاکپتن عرس میں افسوسناک واقعہ، زائرین کی بھگدڑ میں درجنوں زخمی

پاکپتن میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر بہشتی دروازے کے قریب زائرین کے شدید ہجوم کے باعث بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 89 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 25 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر 64 متاثرین کو موقع پر ہی ابتدائی علاج فراہم کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں عقیدت مند بہشتی دروازے سے گزرنے کے لیے جمع تھے۔ ہجوم میں اضافے اور انتظامی دباؤ کے باعث صورتحال بے قابو ہوئی اور بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور انتظامیہ حرکت میں آگئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے طبی عملے کو الرٹ کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Leave a reply