امیتابھ بچن ذہنی دباؤ کا شکار

0
7
امیتابھ بچن ذہنی دباؤ کا شکار

بالی وڈ کے معروف اداکار اور ’بگ بی‘ کہلانے والے امیتابھ بچن نے اپنے ایک حالیہ بلاگ میں کام کے بڑھتے دباؤ اور نیند کی کمی کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔
83 سالہ اداکار کے مطابق طویل اور مصروف ورک شیڈول کی وجہ سے انہیں اکثر رات کے وقت مکمل نیند نہیں مل پاتی۔ ان کا کہنا ہے کہ کام کے دوران وہ خود اپنے پرفارمنس کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں اور اکثر محسوس ہوتا ہے کہ وہ اسے مزید بہتر بنا سکتے تھے، یہی خیالات انہیں رات بھر بیدار رکھتے ہیں۔
امیتابھ بچن نے لکھا کہ کئی مرتبہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ پوری رات گزر جاتی ہے مگر نیند نصیب نہیں ہوتی، جبکہ طبی ماہرین عام طور پر کم از کم سات گھنٹے نیند کا مشورہ دیتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق ان کے لیے کام کی مصروفیات اکثر آرام پر ترجیح حاصل کر لیتی ہیں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ بعض اوقات خیال آتا ہے کہ اگر ایک دن کے 24 گھنٹے بڑھا کر 36 یا 48 کر دیے جائیں تو شاید زیادہ کام مکمل کیا جا سکے، مگر اس کے باوجود سیکھنے اور کرنے کی گنجائش ہمیشہ باقی رہتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن اس وقت متعدد پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، جن میں فلم کالکی 2898 اے ڈی کا سیکوئل بھی شامل ہے۔ اس فلم میں وہ اشوتھاما کا کردار ادا کریں گے، جبکہ مرکزی کرداروں میں پربھاس اور کمل ہاسن بھی شامل ہوں گے۔

Leave a reply