
اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق مجوزہ مالیاتی اقدامات میں کاروباری سرگرمیوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
فنانس بل کے مطابق مقررہ مدت کے اندر ڈیجیٹل انٹیگریشن مکمل نہ کرنے والے کاروباروں پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں کاروباری مراکز کو سیل کرنے اور 50 لاکھ روپے تک اضافی جرمانہ لگانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مجوزہ قانون میں جعلی یا فرضی ٹیکس انوائسز کے خلاف سخت کارروائیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ایسی انوائسز جاری کرنے والوں پر انوائس کی مکمل مالیت کے برابر جرمانہ عائد کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
فنانس بل کے مطابق اگر ان پٹ اور آؤٹ پٹ ٹیکس کے درمیان غیر واضح فرق سامنے آئے تو متعلقہ فریق پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
مزید برآں، جعلی انوائسز استعمال کرنے والے خریدار بھی قانونی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔ ٹیکس کریڈٹ 60 دن کے اندر واپس نہ کرنے کی صورت میں 20 فیصد اضافی جرمانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ان تجاویز کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانا اور کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینا بتایا جا رہا ہے۔









