واٹس ایپ کا نیا فیچر، اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال میں شرکت ممکن

0
18
واٹس ایپ کا نیا فیچر، اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال میں شرکت ممکن

واٹس ایپ نے کالنگ کی سہولت کو مزید آسان بنانے کے لیے ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ نہ رکھنے والے افراد بھی انفرادی یا گروپ کالز میں شامل ہوسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس سہولت کے تحت واٹس ایپ صارفین کال کا لنک بنا کر ان افراد کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں جو یہ ایپ استعمال نہیں کرتے۔ لنک موصول ہونے کے بعد وہ اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شرکت کرسکیں گے۔

اس فیچر کے ذریعے ایک کال میں زیادہ سے زیادہ 32 افراد شریک ہوسکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔

کال کے دوران شرکا کو ہاتھ اٹھانے اور اسکرین شیئر کرنے سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ یہ سروس مفت ہوگی اور کال کے دورانیے کے لیے بھی کوئی مخصوص حد مقرر نہیں کی گئی۔

کال لنک بنانے کا طریقہ

واٹس ایپ پر کال لنک تیار کرنے کے لیے صارف کو ایپ کے ’کالز‘ ٹیب میں جانا ہوگا اور پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرکے کال لنک بنانا ہوگا۔ اس کے بعد یہ لنک متعلقہ افراد کو بھیجا جاسکتا ہے۔

لنک حاصل کرنے والا شخص اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں اسے کھول کر نام درج کرسکتا ہے۔ کال میں شمولیت کے لیے میزبان کی اجازت درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ضروری ہے، تاہم لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کے لیے اکاؤنٹ ہونا لازمی نہیں۔

کمپنی کے مطابق مستقبل میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ منسلک کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے ملاقاتوں اور آن لائن گفتگو کا شیڈول ترتیب دینا زیادہ آسان ہوجائے گا۔

Leave a reply