
راولپنڈی: پاکستان اور لبنان کی مسلح افواج کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آمد پر انہیں پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دورے کے دوران جنرل روڈولف ہائیکل نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور تربیتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق لبنانی فوجی سربراہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قابل تعریف قرار دیا۔
دونوں ممالک نے فوجی روابط کو مزید فروغ دینے اور ادارہ جاتی سطح پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔









