کوششوں کے باوجود رشتہ نہ بچ سکا، باہمی رضامندی سے علیحدگی ہوئی: سارہ چوہدری

0
7
کوششوں کے باوجود رشتہ نہ بچ سکا، باہمی رضامندی سے علیحدگی ہوئی: سارہ چوہدری

پاکستانی ٹیلی ویژن کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی اور طلاق سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کی ہے۔

اداکارہ، جنہوں نے 2002 میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں مشہور ڈرامہ ”چوکھٹ“ سمیت متعدد کامیاب پروجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے، نے کہا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں علیحدگی کا فیصلہ اچانک نہیں بلکہ ایک طویل سوچ بچار اور باہمی کوششوں کے بعد سامنے آیا۔

ان کے مطابق، عام طور پر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی شخص مذہب کی طرف مائل ہو جائے یا اپنی زندگی میں بڑی تبدیلیاں لے آئے تو اس کی نجی زندگی میں مسائل نہیں آتے، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی جیسے رشتے میں دونوں فریقین کی اپنی خوبیاں اور خامیاں ہوتی ہیں اور بعض اوقات بھرپور کوششوں کے باوجود حالات بہتر نہیں ہو پاتے۔

سارہ چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے اپنے رشتے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر جب یہ احساس ہوا کہ ساتھ چلنا ممکن نہیں رہا تو باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

طلاق کے بعد پچھتاوے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے مذہبی عقیدے نے انہیں ذہنی سکون دیا ہے اور وہ یہ یقین رکھتی ہیں کہ زندگی میں پیش آنے والے حالات کسی نہ کسی طور بہتر حکمت کے تحت ہوتے ہیں، اس لیے ماضی پر افسوس کرنے کے بجائے آگے بڑھنا بہتر ہے۔

واضح رہے کہ سارہ چوہدری نے 2010 میں اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا اور بعد ازاں اپنی زندگی دینی سرگرمیوں کے لیے وقف کر دی۔ وہ شادی شدہ ہیں اور پانچ بچوں کی والدہ بھی ہیں۔

Leave a reply