
فلسطینی ویمن فٹبال ٹیم کی دو بین الاقوامی کھلاڑیوں، رند الحلاوانی اور نٹالی ابو دایہ، کو اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نٹالی ابو دایہ کو مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک یونیورسٹی کے طلبہ ہاسٹل پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، جبکہ رند الحلاوانی کو مقبوضہ بیت المقدس میں ایک پولیس اسٹیشن طلب کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے دونوں کھلاڑیوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کھیلوں سے وابستہ افراد کو ایسے اقدامات کا نشانہ بنانا کھیلوں کی روح کے منافی ہے۔
فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔









