
بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان آئندہ ماہ اپنی ساتھی گوری سپراٹ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجوزہ تقریب 5 جولائی کو سادگی اور نجی انداز میں منعقد ہوگی، جس میں خاندان کے قریبی افراد اور چند خاص دوستوں کی شرکت متوقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق قانونی تقاضے مکمل کرکے اس رشتے کو باضابطہ شکل دی جائے گی۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ عامر خان اور گوری سپراٹ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور خوشگوار تعلق میں ہیں۔
عامر خان نے گزشتہ سال اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری سپراٹ کو میڈیا کے سامنے متعارف کروایا تھا۔
یہ شادی، اگر عمل میں آتی ہے، تو عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور آئرا ہیں۔ بعد ازاں 2005 میں انہوں نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے باوجود دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ شادی سے متعلق اطلاعات پر تاحال عامر خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔








