
وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب سے واپسی کا آغاز 31 مئی کو ہوگا۔ پہلی پرواز جدہ سے روانہ ہو کر سیالکوٹ پہنچے گی، جس میں 391 عازمینِ حج سوار ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز یعنی یکم جون کو 22 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں میں پہنچیں گی جن کے ذریعے 5 ہزار 237 حجاج وطن واپس آئیں گے۔ اس روز اسلام آباد کے لیے 5، کراچی اور لاہور کے لیے 4،4، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے 3،3، فیصل آباد کے لیے 2 جبکہ ایک پرواز کوئٹہ کے لیے لینڈ کرے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ سے واپسی کی پروازیں 3 جون سے شروع ہوں گی جبکہ حج فلائٹ آپریشن مرحلہ وار 30 جون تک جاری رہے گا، جس روز آخری پرواز لاہور پہنچے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج کو وطن واپس لایا جائے گا۔








