
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پارٹی قیادت سے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی اپیل کردی۔
شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت دیگر رہنماؤں کو خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے ملک میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں احتجاجی مارچ ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں ریاستی اداروں سے محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور سیاسی بات چیت کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بیرونی سکیورٹی صورتحال کو بنیاد بنا کر وفاقی حکومت ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی طرف جا سکتی ہے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق افغانستان کی جانب سے ممکنہ حملہ بھی ہنگامی اقدامات کے لیے جواز بن سکتا ہے، جبکہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون نہ کرنے کا مؤقف اختیار کرکے صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کی کوشش کرسکتی ہے۔
انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ دہشت گردی کی حمایت جیسے الزامات کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
خط میں شوکت یوسفزئی نے یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ماضی میں کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے لانگ مارچ ختم کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ان تجاویز کو سنجیدگی سے زیر غور لاتے ہوئے لانگ مارچ فوری طور پر مؤخر کیا جائے۔









