
لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، تاہم شادی ہالز اور مارکیز میں ہونے والی اندرونی تقریبات کے دوران محدود پیمانے پر چھوٹے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق ان ڈور تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی، جبکہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قراردیا گیاہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈرون کے محفوظ اور مجاز استعمال کے لیے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے والے افراد یا اداروں کو کمیٹی سے تحریری اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سیف ڈرون یوزیج کمیٹی کی تحریری منظوری حاصل ہونے کی صورت میں متعلقہ ڈرون استعمال پابندی سے مستثنیٰ تصور کیا جائے گا۔









