کوئٹہ: یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر سمیت چار اہلکار بازیاب

0
8
کوئٹہ: یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر سمیت چار اہلکار بازیاب

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر سمیت لاپتہ ہونے والے چاروں اہلکار بحفاظت بازیاب ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، پرسنل اسٹاف آفیسر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم بدل کو ضلع مستونگ سے بازیاب کرایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق وائس چانسلر اتوار کی شام اپنے گھر پہنچ گئے جبکہ دیگر اہلکار بھی محفوظ ہیں۔ اہلکاروں کی بازیابی کی خبر سامنے آنے کے بعد اہل خانہ، طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں اطمینان اور خوشی کی فضا دیکھنے میں آئی۔
یاد رہے کہ چاروں اہلکار 13 مئی کو گوادر سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے تھے تاہم راستے میں لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں اور پولیس نے تلاش کا عمل شروع کیا تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کو حکومت بلوچستان نے 25 اکتوبر 2021 کو یونیورسٹی آف گوادر کا پہلا وائس چانسلر مقرر کیا تھا۔ یونیورسٹی آف گوادر نے جنوری 2017 میں یونیورسٹی آف تربت کے سب کیمپس کے طور پر تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور بعد ازاں اکتوبر 2021 میں اسے مکمل خودمختار یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا۔
اس وقت یونیورسٹی آف گوادر میں تقریباً 2000 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ یہاں مینیجمنٹ سائنسز، کامرس، سوشل سائنسز، سائنسز، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی فیکلٹیز میں تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

Leave a reply