
پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور آپریشنل اخراجات بڑھنے کے باعث ملک بھر میں چلنے والی 8 مسافر ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق بعض روٹس پر مسافروں کی تعداد میں کمی بھی اس فیصلے کی ایک اہم وجہ ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے پیشِ نظر خسارے میں چلنے والی ٹرینوں کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے تاکہ مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق جن ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے ان میں مہران ایکسپریس، چمن ایکسپریس، ماروی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، سمن سرکار، موہنجوڈارو ایکسپریس، بولان میل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس شامل ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے اور آپریشنل اخراجات میں کمی آنے پر ان ٹرینوں کی بحالی پر غور کیا جائے گا









