
کراچی میں مبینہ منشیات سے متعلق ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں مالی لین دین کے متعدد شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ کیس کی تفصیلات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال کے دوران مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 16 مختلف اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ چند اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر تقریباً 2 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد کی رقوم منتقل ہونے کا ریکارڈ ملا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی لین دین میں مختلف افراد شامل رہے، جن میں سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ان میں اداکار منیب بٹ، اداکارہ میرا اور ماڈل سارہ کے نام رپورٹ کا حصہ ہیں۔ تاہم ان افراد کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
تحقیقات کے مطابق رقوم کی منتقلی مبینہ طور پر مخصوص افراد کے ذریعے کی جاتی رہی، جبکہ نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین جاری ہے۔ کراچی پولیس حکام نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیس میں بعض قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منسلک افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزمہ کو کراچی کے علاقے گارڈن سے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں موبائل فونز کا فرانزک اور دیگر اداروں سے ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور اس سے جڑے کرداروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات مختلف شہروں تک پھیلی ہوئی ہیں اور اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔









