محسن نقوی کا ایک ہفتے میں دوسرا دورہ تہران، اہم ملاقاتیں متوقع

0
29
محسن نقوی کا ایک ہفتے میں دوسرا دورہ تہران، اہم ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد اور تہران کے درمیان سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے تحت وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپنے اس دورے میں وہ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تاہم اس دورے کا باضابطہ ایجنڈا تاحال سامنے نہیں آیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پسِ پردہ سفارتی کوششوں کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد خطے میں کشیدگی میں کمی اور ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنا بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اس سے قبل اپنے دورۂ تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
اسی دورے کے دوران انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
سفارتی حلقوں کے مطابق حالیہ دوروں کی تیزی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ خطے میں غیر رسمی سفارتی رابطے بڑھ رہے ہیں، اور پاکستان خود کو ایک سہولت کار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں کمی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

Leave a reply