اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، رونالڈو کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر

0
9
اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، رونالڈو کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے پرتگال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

امریکا کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ 90 منٹ تک کوئی گول نہ کر سکیں۔ تاہم انجری ٹائم کے آغاز میں متبادل کھلاڑی میکال میرینو نے فیران ٹوریس کے پاس پر فیصلہ کن گول اسکور کرکے اسپین کو فتح دلائی۔

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ ٹیم نے اپنی ناقابل شکست کارکردگی کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔

دوسری جانب پرتگال کے تجربہ کار کپتان کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کیریئر اس شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ میچ کے بعد رونالڈو جذباتی دکھائی دیے اور شائقین کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا اور وہ قومی ٹیم کے ساتھ حاصل کی گئی کامیابیوں پر خوش ہیں۔

ادھر سیئٹل میں کھیلے گئے ایک اور پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے میزبان امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

بیلجیئم کی جانب سے چارلس ڈی کیٹیلیئرے نے دو گول کیے اور ایک گول میں معاونت بھی فراہم کی، جبکہ ہانس واناکن اور رومیلو لوکاکو نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ امریکا کی جانب سے واحد گول مالک ٹل مین نے کیا۔

کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

Leave a reply