
کراچی / لندن (اسپورٹس ڈیسک) — پاکستان کے معروف فاسٹ بالر محمد عامر کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں برطانوی شہریت اور پاسپورٹ جاری ہو چکا ہے، جس کے بعد ان کے بین الاقوامی کرکٹ لیگز میں شرکت کے امکانات پر بھی نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق محمد عامر گزشتہ کئی برسوں سے اپنی برطانوی نژاد اہلیہ اور بچوں کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہیں، اور بتایا جا رہا ہے کہ تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد انہیں شہریت حاصل ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف پوسٹس گردش کرتی رہیں، جن میں مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ عامر نے بھی ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں مبارکباد دی گئی تھی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی پالیسی کے تحت پاکستانی کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت نہیں کر سکتے، تاہم ماضی میں ایسے کیسز سامنے آتے رہے ہیں جن میں کھلاڑیوں نے دیگر شہریت کے بعد مختلف لیگز میں حصہ لیا۔
ان اطلاعات کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ اگر محمد عامر کو مستقبل میں آئی پی ایل کی جانب سے پیشکش موصول ہوتی ہے تو وہ اس پر غور کر سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ وہ حالیہ پی ایس ایل سیزن میں مختلف فرنچائزز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ نیلامی کے دوران انہں بھاری قیمت پر ٹیم میں شامل کیے جانے کی رپورٹس بھی سامنے آئیں ۔









