کراچی: منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے شناختی دستاویزات سامنے آگئے

0
10
کراچی: منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے شناختی دستاویزات سامنے آگئے

کراچی میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ہونے والی خاتون انمول عرف پنکی کے شناختی دستاویزات سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کراچی سے جاری کیے گئے تھے۔ پاسپورٹ 17 اپریل 2018 کو بنایا گیا تھا جو 17 اپریل 2023 کو اپنی مدت پوری کر چکا ہے۔ اسی طرح شناختی کارڈ 6 دسمبر 2016 کو جاری ہوا تھا جس پر گلشن اقبال، ابو الحسن اصفہانی روڈ کا پتہ درج ہے۔

تحقیقات سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے مبینہ طور پر مختلف نام کے ساتھ ایک اور شناختی کارڈ بنانے کی کوشش بھی کی تھی۔ اس کے سفری ریکارڈ اور بیرون ملک آمد و رفت سے متعلق معلومات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔

ادھر تفتیشی اداروں نے ملزمہ کے قریبی اہلخانہ کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہیں اور معاملے کی مختلف زاویوں سے جانچ جاری ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں مبینہ کوکین اور دیگر نشہ آور مواد برآمد ہوا تھا۔

Leave a reply