ایران: سابق رہنما علی خامنہ ای کی تدفین کے لیے تین روزہ تقریبات کی تیاری

تہران: ایرانی حکام نے سابق رہنما علی خامنہ ای کی تدفین کے سلسلے میں تین روزہ عوامی اور سرکاری تقریبات کی تیاری مکمل ہونے کے قریب ہونے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ ذوالحج کے آخری ایام یا محرم الحرام کے ابتدائی دنوں میں ادا کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ تقریبات کے انعقاد کے لیے تہران، قم اور مشہد میں وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
تہران کی بلدیہ کے سماجی و ثقافتی امور کے نائب محمد امین توکلی زادہ نے کہا ہے کہ الوداعی تقریبات اور نمازِ جنازہ کے انتظامات تقریباً مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق دارالحکومت میں ہونے والی تقریبات کم از کم 24 گھنٹے جاری رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیشِ نظر شہری انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مرحوم رہنما کی وصیت کے تحت ان کی تدفین مشہد میں واقع امام رضاؑ کے روضے کے احاطے میں کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مشہد میں ملکی اور غیر ملکی زائرین کی آمد کے پیشِ نظر اضافی سہولیات اور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق علی خامنہ ای 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اور دیگر غیر معمولی حالات کے باعث سرکاری تدفین مؤخر کر دی گئی تھی۔
تدفین اور متعلقہ تقریبات کے حتمی شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔








