
پاکستان کی فشریز برآمدات پہلی بار 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، جبکہ مجموعی سی فوڈ برآمدات 80 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق جولائی سے دسمبر کے دوران فشریز برآمدات میں 21.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان کی سب سے بڑی سی فوڈ مارکیٹ رہا، جبکہ تھائی لینڈ، جاپان اور یورپی یونین کو برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ وسطی ایشیائی ممالک میں بھی پاکستانی سی فوڈ کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے، جو ملکی برآمدات کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
ایکسپورٹرز کے مطابق مالی سال 23-2022 میں پاکستان کی فشریز برآمدات 49 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فشریز سیکٹر میں اربوں ڈالر کی برآمدات کا وسیع پوٹینشل موجود ہے۔









