بنوں میں پولیس چوکی پر خودکش حملہ، 15 اہلکار شہید، 3 زخمی

0
31
بنوں میں پولیس چوکی پر خودکش حملہ، 15 اہلکار شہید، 3 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ رات پولیس چوکی فتح خیل پر ہونے والے خودکش حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پولیس چوکی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا اور چوکی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق شہدا میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی اور سعداللہ سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ملبہ ہٹانے کے ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام جاری رکھیں گے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے اور ایسے حملے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے سرچ آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a reply