معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ: صدر اور وزیراعظم کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

0
32
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ: صدر اور وزیراعظم کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قومی اتحاد، عسکری مہارت اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کی علامت قرار دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو کامیابی میں اہم قرار دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو اور فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ صدر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل تیاری قومی سلامتی کے لیے باعثِ فخر ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، جس نے ہر قسم کی جارحیت کا متوازن اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنے بیان میں صدر نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پانی کے مسئلے کو کروڑوں پاکستانیوں کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان پر بھی زور دیا کہ اس کی سرزمین خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کے باعث پاکستان خطے میں استحکام اور توازن کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی قوم کے لیے شکرگزاری کا دن ہے۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہر محاذ پر ملک کا دفاع یقینی بنایا۔

وزیراعظم کے مطابق بری، بحری، فضائی اور سائبر شعبوں میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو دبایا نہیں جا سکتا اور ملک ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت اور حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل کو خطے کے امن کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور ملک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

Leave a reply