ٹرمپ کا آئندہ دورہ چین، شی جن پنگ سے اہم ملاقات متوقع

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تصادم کے بجائے بہتر اور مستحکم تعلقات قائم کرنا زیادہ فائدہ مند ہوگا۔
ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ٹرمپ کے مطابق چین کے ساتھ کشیدگی سے بچنا اور تعلقات کو مثبت سمت میں لے جانا زیادہ مناسب حکمت عملی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں ایران سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کی فوجی صلاحیتیں کافی حد تک کمزور ہو چکی ہیں، جبکہ چین ایران اور وینزویلا کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر رواں ماہ چین کا دورہ بھی کرنے والے ہیں، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔








