سیئول میں انوکھا مقابلہ: دوپہر کی نیند جیتنے کی دوڑ

0
10
سیئول میں انوکھا مقابلہ: دوپہر کی نیند جیتنے کی دوڑ

جنوبی کوریا میں ایک منفرد اور دلچسپ مقابلہ منعقد کیا گیا جس نے لوگوں کی خاصی توجہ حاصل کی۔ یہ مقابلہ دراصل دوپہر کے وقت قیلولہ کرنے سے متعلق تھا، جس میں بڑی تعداد میں افراد نے حصہ لیا۔

یہ ایونٹ 2 مئی کو سیئول میں دریائے ہان کے کنارے واقع ایک پارک میں منعقد ہوا۔ اس کا مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی نیند کی کمی کے مسئلے کو اجاگر کرنا تھا۔ خاص طور پر ایسے افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی جو زیادہ کام کرنے کی وجہ سے مناسب آرام نہیں کر پاتے۔

یہ مقابلہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے تیسری بار منعقد کیا گیا۔ شرکاء کو اجازت تھی کہ وہ اپنی پسند کے ملبوسات پہن کر آئیں اور دوپہر 3 بجے مقابلے کا آغاز ہوا۔ لوگ پارک میں مختلف جگہوں پر لیٹ گئے، کئی نے آنکھوں پر ماسک یا چشمے لگا رکھے تھے تاکہ بہتر طریقے سے سو سکیں۔

منتظمین نے شرکاء کی دل کی دھڑکن کی رفتار کو مانیٹر کیا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ کون گہری نیند میں جانے میں کامیاب ہوا۔ اس طرح مقابلے کے نتائج کا فیصلہ کیا گیا۔

ایک طالبعلم نے بتایا کہ امتحانات اور جزوقتی ملازمتوں کی وجہ سے وہ رات کو صرف 3 سے 4 گھنٹے ہی سو پاتا ہے، اس لیے وہ یہاں اپنی نیند کی صلاحیت دکھانے آیا ہے۔ ایک خاتون ٹیچر نے بھی بتایا کہ وہ بے خوابی کا شکار ہے اور اسے سونے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

یہ مقابلہ نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے جنوبی کوریا میں نیند کی کمی جیسے اہم سماجی مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔ اس سال ایک 80 سال سے زائد عمر کے شخص نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایک نائٹ شفٹ کرنے والا دفتر کا ملازم دوسرے نمبر پر رہا۔

Leave a reply