
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری معاشی دباؤ کے تناظر میں موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے فیول سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ کرایوں میں بلاجواز اضافے کو روکا جائے اور سبسڈی کے نظام کی شفاف اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کا فائدہ براہِ راست مستحق افراد تک پہنچے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبے مل کر موجودہ معاشی حالات میں عوامی سہولت کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام شہری کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی حالات میں بہتری کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کم آمدن والے افراد کے لیے موٹر سائیکل فیول سبسڈی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سہولت ختم ہونے کے بجائے مزید مدت تک برقرار رکھی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت اس سے قبل پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ہر موٹر سائیکل کے لیے 2 ہزار روپے کی سبسڈی دے رہی تھی، جسے اب مزید توسیع دے دی گئی ہے۔








