اسرائیلی کارروائی: امدادی فلوٹیلا کی متعدد کشتیوں کا گھیراؤ

اسرائیلی بحریہ نے غزہ کی جانب جانے والے امدادی بحری قافلے کو روکنے کے لیے کارروائی کرتے ہوئے متعدد کشتیوں کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ کچھ کشتیوں کو تحویل میں لینے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق کارروائی کے دوران ڈرونز، کمیونیکیشن جامنگ ٹیکنالوجی اور مسلح اہلکاروں کا استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کشتیوں نے قریب آ کر قافلے کو روکا، خود کو متعارف کرایا اور سوار افراد کو مخصوص ہدایات جاری کیں۔
فلوٹیلا کی جانب سے جاری بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی، جہاں بعض کشتیوں کا محاصرہ کیا گیا اور ان کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ منتظمین نے الزام عائد کیا کہ عملے کو دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا، جبکہ کئی کشتیوں سے رابطہ مکمل طور پر ختم ہو گیا۔
دوسری طرف اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ قافلے کو غزہ پہنچنے سے پہلے روک دیا گیا ہے اور یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چند کشتیوں کو یونان کے قریب روکا گیا۔
فلوٹیلا کے ترجمان نے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر مسلح شہری کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسرائیلی مؤقف کے مطابق یہ ایک حفاظتی اقدام ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ بحری قافلہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کارکنوں پر مشتمل تھا جو اٹلی سے روانہ ہوا اور اسے ایک بڑی انسانی امدادی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے امدادی قافلوں کو روکا جاتا رہا ہے، جن کے نتیجے میں گرفتاریوں اور دیگر اقدامات کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔









