شادی کی بارات کے شور سے پولٹری فارم میں 140 مرغیاں ہلاک، تحقیقات شروع

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع سلطان پور میں ایک شادی کی بارات کے دوران بلند آواز میں بجنے والی موسیقی کے باعث ایک پولٹری فارم میں درجنوں مرغیوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق 25 اپریل کی رات ایک گاؤں میں بارات کی آمد کے موقع پر جدید ڈی جے سسٹم کے ذریعے انتہائی اونچی آواز میں موسیقی چلائی جا رہی تھی۔ یہ جلوس جب صابر علی نامی شخص کے پولٹری فارم کے قریب سے گزرا تو شور کی شدت سے فارم میں موجود پرندے شدید خوف اور بے چینی کا شکار ہو گئے۔
فارم مالک کا کہنا ہے کہ رات تقریباً ساڑھے نو بجے کے قریب موسیقی کی آواز غیر معمولی حد تک بلند تھی، جس کے بعد مرغیوں میں شدید اضطراب پیدا ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے 140 مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔
متاثرہ شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ نقصان کی ذمہ داری ڈی جے آپریٹر پر عائد ہوتی ہے اور اس سلسلے میں پولیس کو درخواست بھی دی گئی ہے۔
پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد ڈی جے آپریٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا آواز کی سطح مقررہ حد سے زیادہ تھی یا نہیں۔
ماہرین کے مطابق پرندے اور دیگر جانور تیز آواز اور اچانک شور کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں، جو بعض اوقات جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
انتظامیہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا یہ ایک اتفاق تھا یا واقعی شور و غل ہی اس نقصان کی بنیادی وجہ بنا۔









