
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے عالمی سطح کے معروف مارکیٹنگ اور اشتہاری ایوارڈز “ایفی ایوارڈز 2026” میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلور اینی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
یہ اعزاز فاؤنڈیشن کی انسانی امدادی مہم “ہمت رکھو، ہم ساتھ کھڑے ہیں” کو دیا گیا، جو کرائسس ریسپانس اور کریٹیکل پیوٹ نان پرافٹ آرگنائزیشنز کیٹیگری میں تسلیم کی گئی۔
ایوارڈ کے فیصلے میں مہم کی مؤثر حکمت عملی، بروقت نفاذ اور قابلِ پیمائش نتائج کو بنیادی اہمیت دی گئی۔
اس کامیابی میں پاکستان کی معروف میڈیا ایجنسی ونگز میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس نے مہم کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں معاونت فراہم کی۔
ایفی ایوارڈز کو عالمی سطح پر اشتہاری اور مارکیٹنگ مہمات کی کارکردگی جانچنے کا معتبر معیار سمجھا جاتا ہے، جہاں صرف تخلیقی پہلو ہی نہیں بلکہ حقیقی اثرات اور نتائج کو بھی پرکھا جاتا ہے۔
ایوارڈ الخدمت فاؤنڈیشن کے چیف مارکیٹنگ آفیسر محمد عمیر ادریس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وصول کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری نے اس کامیابی کو پوری ٹیم، رضا کاروں اور ڈونرز کی مشترکہ کاوش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ فاؤنڈیشن نے ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد تک بروقت رسائی اور مؤثر امدادی خدمات کے ذریعے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی اعزاز فاؤنڈیشن کی ساکھ کو مزید مضبوط کرے گا اور اس بات کی بھی توثیق ہے کہ پاکستان کی فلاحی تنظیمیں عالمی معیار کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
سید وقاص جعفری کے مطابق یہ کامیابی جہاں ایک اعزاز ہے، وہیں انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید وسعت دینے اور بہتر انداز میں جاری رکھنے کی ذمہ داری بھی عائد کرتی ہے۔








