
بالی ووڈ کی مقبول فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے 25 برس مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر فلم کی کاسٹ اور ٹیم ایک بار پھر اکٹھی ہوئی، جہاں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے کئی دلچسپ واقعات بھی زیرِ بحث آئے۔
اسی گفتگو کے دوران عامر خان نے فلم کے ایک مشہور سین سے متعلق حیران کن انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک منظر کی عکس بندی کے دوران ساتھی اداکار اکشے کھنہ نے انہیں 17 مرتبہ حقیقی تھپڑ مارے تھے۔
فلم کے ہدایت کار فرحان اختر کے مطابق مذکورہ منظر میں تھپڑ کو حقیقت کے قریب دکھانے کے لیے اسے واقعی مارنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے عامر خان سے اس بارے میں بات کی اور اداکار نے رضامندی ظاہر کردی۔
فرحان اختر نے بتایا کہ اکشے کھنہ کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ عامر خان کے مکالمہ ادا کرتے ہوئے اچانک تھپڑ ماریں، تاکہ کیمرے کے سامنے ان کا ردعمل مصنوعی کے بجائے حقیقی محسوس ہو۔
عامر خان نے بھی بعد میں اس طریقے کو جاری رکھنے پر اصرار کیا۔ ان کے مطابق حقیقی ردعمل سے منظر میں زیادہ شدت اور اثر پیدا ہو رہا تھا، اسی لیے انہوں نے اسے متعدد بار فلمانے کی خواہش ظاہر کی۔
ہدایت کار کے مطابق مسلسل تھپڑ کھانے کے باعث عامر خان کا گال سوج گیا تھا اور چہرے پر تھپڑ کا واضح نشان بھی بن گیا تھا، تاہم نتیجے میں منظر اس قدر حقیقی محسوس ہوا کہ وہ فلم کے یادگار مناظر میں شامل ہوگیا۔
سیف علی خان کو بھی لگے حقیقی تھپڑ
اسی تقریب میں فلم کی اداکارہ سوچترا پلئی نے بھی اپنے ایک منظر کا ذکر کیا، جس میں انہیں سیف علی خان کو تھپڑ مارنا تھا۔
سوچترا کے مطابق وہ ابتدا میں اس منظر کو لے کر خاصی جھجھک کا شکار تھیں اور انہوں نے فرحان اختر سے پوچھا کہ کیا انہیں تھیٹر کی طرح صرف تھپڑ مارنے کا انداز اپنانا ہوگا۔ تاہم ہدایت کار نے انہیں واضح طور پر حقیقی تھپڑ مارنے کو کہا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے منظر کی عکس بندی کے دوران سیف علی خان کو تین مرتبہ تھپڑ مارے۔
سوچترا نے ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا کہ بعد میں جب ان کی ملاقات سیف علی خان کی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے ہوئی تو انہوں نے انہیں بتایا کہ فلم میں انہوں نے سیف کو تھپڑ مارے تھے۔ اس پر شرمیلا ٹیگور نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ تھپڑ واقعی زور دار تھے۔
واضح رہے کہ ’دل چاہتا ہے‘ فرحان اختر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی۔ عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کھنہ کے علاوہ پریتی زنٹا، ایوب خان اور رجت کپور سمیت دیگر اداکار بھی اس فلم کا حصہ تھے۔ فلم کو بہترین ہندی فیچر فلم کا نیشنل ایوارڈ بھی ملا تھا۔









