
اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے اثرات وفاقی دارالحکومت کے علاوہ پشاور، سوات، ملاکنڈ، بونیر، دیر اور صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سے بھی زمین لرزنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 170 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے میں تھا، تاہم اس کے جھٹکے پاکستان کے مختلف حصوں تک پہنچے۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔









