چین: ننھی بچی دادا دادی کی قبروں کے قریب رہنے کی خواہشمند، جذباتی ویڈیو وائرل

چین کے صوبے گوئیژو کے شہر لیوانشوی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک کم عمر بچی اپنے دادا دادی کی قبروں کے قریب ہی رکنے اور وہیں رہنے پر اصرار کرتی نظر آتی ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق بچی کے دادا دادی کا انتقال چند ماہ کے وقفے سے ہوا، دادی ستمبر 2025 میں جبکہ دادا مارچ 2026 میں انتقال کر گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بچی کی پرورش زیادہ تر انہی نے کی تھی کیونکہ اس کے والد روزگار کے باعث اکثر گھر سے باہر رہتے ہیں جبکہ والدہ صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بچی کو قبرستان میں اپنی دادی اور دادا کی قبروں کے پاس بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ اہل خانہ اسے گھر واپس لے جانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ جانے سے انکار کرتی ہے اور قبروں کے قریب ہی رکنے کی ضد کرتی ہے۔
بچی کے والد کے مطابق وہ بار بار دادا دادی کی قبروں پر جانے کی خواہش ظاہر کرتی ہے اور کئی بار وہاں سونے کی بات بھی کرتی ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے انہیں شدید جذباتی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ واقعہ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔









