
ملک کے متعدد شہروں میں بجلی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے۔
کراچی کے کئی علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل ہو کر 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے، جبکہ بعض ایسے علاقے جو عام طور پر مستثنیٰ تصور کیے جاتے ہیں وہاں بھی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش رپورٹ کی جا رہی ہے۔
پشاور میں صورتحال مزید سنگین دکھائی دیتی ہے جہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر تقریباً 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں شہری 4 سے 6 گھنٹے کی بجلی کی بندش کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں یہ دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے تک بتایا جا رہا ہے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق لاہور میں فی الحال غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، تاہم بجلی کی طلب اور رسد میں تقریباً 100 میگاواٹ کا فرق موجود ہے۔
پنجاب کے دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں روزانہ 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔








