پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی وفاقی آئینی عدالت کی حمایت

0
108
پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی وفاقی آئینی عدالت کی حمایت

پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دونوں اداروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بعض سیاسی حلقے قانونی برادری کے اندر اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور ایسے غیر منتخب افراد کی جانب سے جاری بیانات کی مذمت کی گئی ہے جو جمہوری عمل کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ قومی نوعیت کے معاملات پر مؤقف دینا بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کا حق ہے، جبکہ کسی فرد یا چھوٹے گروہ کی رائے پوری قانونی کمیونٹی کی نمائندگی نہیں کرتی۔ اعلامیے کے مطابق مجوزہ ترمیم سے صوبوں کو مساوی نمائندگی ملے گی اور آئینی و سیاسی نوعیت کے مقدمات کی مؤثر سماعت ممکن ہو سکے گی۔

مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عوامی مفاد کے مقدمات کو بروقت سپریم کورٹ میں مقرر کرنے اور فیصلے تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ ججز کی تقرری کے عمل پر بھی دونوں تنظیمیں گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ فورمز کے ذریعے اپنے تحفظات سامنے لائیں گی۔

پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے اصولوں پر ہمیشہ کی طرح قائم رہیں گے۔

Leave a reply