ٹرمپ: امریکا ایران سے جلد افواج نکالے گا، مذاکرات کا امکان موجود

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کا مقصد ایران میں حکومت بدلنا نہیں تھا اور اگلے دو سے تین ہفتوں میں امریکی افواج ایران سے واپس آئیں گی۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انخلا سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان بڑی ڈیل یا معاہدے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تہران مذاکرات کے لیے سامنے آئے تو اچھا ہے، لیکن اگر نہیں آیا تو بھی امریکا افواج واپس لے جائے گا۔
ٹرمپ نے ایران کی نئی قیادت کو سمجھدار قرار دیا اور کہا کہ امریکا نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں، جس کے بعد ایران اگلے پندرہ سال تک جوہری ہتھیار بنانے کے قابل نہیں ہوگا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری بالخصوص فرانس سے کہا کہ جو ممالک تیل یا گیس حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ خود آبنائے ہرمز جائیں یا امریکا سے خریداری کریں، امریکا اب ان کے جہازوں کی حفاظت نہیں کرے گا۔









