12 ٹن چاکلیٹ سے بھرا ٹرک پراسرار طور پر لاپتا

سوئٹزر لینڈ: یورپ میں ایسٹر سے قبل مشہور چاکلیٹ برانڈ کِٹ کیٹ کی بڑی کھیپ پراسرار طور پر لاپتا ہوگئی، جس کے باعث سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی کمپنی Nestlé کے مطابق تقریباً 12 ٹن چاکلیٹ پر مشتمل ایک ٹرک، جو اٹلی سے پولینڈ منتقل کیا جا رہا تھا، راستے میں کہیں غائب ہوگیا۔ اس ٹرک میں چار لاکھ سے زائد چاکلیٹ بارز موجود تھیں جنہیں یورپ کے مختلف ممالک میں تقسیم کیا جانا تھا۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعہ سپلائی چین کے دوران پیش آیا اور اب تک نہ ٹرک کا کوئی سراغ مل سکا ہے اور نہ ہی چاکلیٹ کی کھیپ کا۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چوری شدہ مصنوعات ممکنہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے مارکیٹ میں فروخت کی جا سکتی ہیں، تاہم ہر بار پر موجود مخصوص کوڈ کے ذریعے انہیں ٹریک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یورپ کے بعض علاقوں میں Easter کے موقع پر کِٹ کیٹ چاکلیٹ کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کمپنی نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سپلائی چین کو مزید محفوظ بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔









