دورانِ پرواز لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، 5 مسافر جھلس گئے

امریکا میں اٹلانٹا سے ڈیلاس جانے والی امریکن ایئرلائنز کی پرواز میں ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ لگنے سے 4 سے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پرواز 2398 میں 133 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ طیارہ ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ کے قریب پہنچا تو اس کے پچھلے حصے میں موجود لیپ ٹاپ سے دھواں اٹھنے لگا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور کیبن میں دھواں پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق لیپ ٹاپ کے مالک نے جلتے ہوئے کمپیوٹر کو راہداری میں رکھا۔ اسے سنبھالنے کی کوشش کے دوران بعض مسافر جھلس گئے۔ فلائٹ اٹینڈنٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً پانچ منٹ کی کوشش کے بعد لیپ ٹاپ کو خصوصی تھرمل بیگ میں محفوظ کرکے آگ پر قابو پالیا۔
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا کہ واقعے میں کئی مسافر جھلسے ہیں۔ طیارے نے کسی بڑے نقصان کے بغیر ڈیلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، جہاں طبی عملے نے متاثرہ مسافروں کا معائنہ کیا اور ایک شخص کو موقع پر طبی امداد فراہم کی۔
امریکن ایئرلائنز نے صورتحال پر قابو پانے میں عملے کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق رواں سال دورانِ پرواز لیتھیم بیٹری سے متعلق آگ لگنے کے 58 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔









