پنجاب میں پہلا اسکل سٹی منصوبہ، نوجوانوں کیلئے نئے روزگار کے مواقع متوقع

0
54
پنجاب میں پہلا اسکل سٹی منصوبہ، نوجوانوں کیلئے نئے روزگار کے مواقع متوقع

پنجاب حکومت نے صوبے میں پہلا “اسکل سٹی” قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تعلیم فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کیلئے جامع تجاویز اور تفصیلی پلان طلب کر لیا ہے۔ منصوبے کے تحت فنی و تکنیکی تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور انہیں سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جائے گا۔
پراجیکٹ کے تحت صنعتی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کیا جائے گا اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کو عملی تربیت سے جوڑا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن کے اداروں کے برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ کے تعلیمی اداروں سے اشتراک پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا ہدف نوجوانوں کو میٹرک کے بعد بہتر روزگار کے قابل بنانا ہے۔ اسکل سٹی میں گرافک ڈیزائننگ، میڈیا پروڈکشن، فیشن ڈیزائننگ، کوڈنگ، ٹورازم اور دیگر جدید کورسز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ صنعتی الیکٹریشن، پلمبنگ، سولر سسٹمز، شیف ٹریننگ اور الائیڈ ہیلتھ جیسے شعبوں میں بھی تربیت دی جائے گی۔
پنجاب کے ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے مطابق نصاب سازی میں صنعتی ماہرین کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ تعلیم براہِ راست مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ اسکل ایجوکیشن کیلئے اعلیٰ معیار کے اساتذہ بھرتی کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تکنیکی تربیت فراہم کی جا سکے۔

Leave a reply